کراچی: ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ نے لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں لانڈھی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (LATI) کا دورہ کیا، جہاں صدر لائٹی زین بشیر سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران صنعتی علاقوں کی سیکیورٹی، اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام، ٹریفک کے مسائل اور پولیس و صنعتکاروں کے باہمی روابط کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ایس ایس پی ملیر نے اس موقع پر کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے پرامن اور محفوظ ماحول کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس کی جانب سے جرائم کی روک تھام، صنعتکاروں کے تحفظ اور مؤثر پیٹرولنگ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
لائٹی کے نمائندوں نے ایس ایس پی کو سیکیورٹی چیلنجز، صنعتی زونز کے اطراف بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ٹریفک مسائل سے آگاہ کیا۔ ایس ایس پی ملیر نے تمام تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ایس ایس پی ملیر نے لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں تعینات پولیس افسران و اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے ادا کریں اور شہریوں و صنعتی کارکنوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔
لائٹی کے عہدیداران نے پولیس کے مؤثر اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے ایس ایس پی ملیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے براہ راست صنعتکاروں کے مسائل سنے اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

