کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ڈسٹرکٹ ایسٹ کے جمشید ڈویژن پولیس نے مضرِ صحت گٹکا اور ماوا فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ جمشید کوارٹرز کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر دربند بازار میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم زبیر رحمان ولد علی رحمان کو گرفتار کیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے تیار شدہ گٹکا ماوا، دو عدد موبائل فون اور فروختگی کی رقم برآمد کر لی گئی۔ ملزم کے خلاف سندھ گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم زبیر رحمان ماضی میں بھی مقدمہ الزام نمبر 420/2018 بجرم دفعہ 23(1)A سندھ اسلحہ ایکٹ میں گرفتار ہو چکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد اسے بھی قانون کی گرفت میں لیا جائے گا۔
