ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہظور علی کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، گٹکا/ماوا فروشوں، اور ڈکیتی و چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ اور مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، گرمی سے جزوی ریلیف متوقع
ضلع ساؤتھ پولیس نے کلفٹن اور صدر ڈویژنز کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات، تکنیکی ذرائع اور جدید نگرانی کے نظام کی مدد سے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے چار مختلف مقدمات میں ملوث 4 خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا۔
بوٹ بیسن پولیس نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث شہوان ولد حسین خان کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول، دو موبائل فون اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ مقدمہ نمبر 454/25، دفعات 392/397/34 کے تحت درج کیا گیا۔
تھانہ ڈیفنس نے انتہائی مطلوب ملزم حذیفہ ولد محمد نسیم کو گرفتار کیا، جو کراچی و پنجاب میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ اس کے قبضے سے پستول، موبائل فون، اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔
تھانہ کلفٹن نے CCTV فوٹیج کی مدد سے چور شاہرون ولد اکرم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، جو ایک رینٹ اے کار آفس سے موبائل فون چوری کرتا پایا گیا۔ مقدمہ نمبر 336/2025، دفعات 380/454 کے تحت کارروائی کی گئی۔
فرئیر پولیس نے مضر صحت گٹکا/ماوا بیچنے والے اسد ولد سلیم کو گرفتار کر کے 50 پڑیاں برآمد کیں۔ مقدمہ گٹکا ماوا ایکٹ 2019 کی دفعہ 8(i)(ii) کے تحت درج کیا گیا۔
تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
