کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی کی مختلف انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں، سیکریٹری انڈسٹریز محمد یاسین، ایڈیشنل کمشنر، تمام ڈپٹی کمشنرز، کے ایم سی، کے ڈبلیو ایس بی، اور کے الیکٹرک کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں تاجروں نے کمشنر کراچی کو متعدد دیرینہ مسائل سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا جن میں سڑکوں کی استرکاری، سیوریج کے نظام، فلائی اوورز، برسات کے نالوں کی صفائی اور لوڈ شیڈنگ شامل تھے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ تاجروں کے مسائل حکومت سندھ تک پہنچائے جائیں گے اور ان کے جائز مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ:
“اگر صنعت کا پہیہ چلے گا تو ملک ترقی کرے گا، اور تاجر برادری نے ہمیشہ ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔”
سیکریٹری انڈسٹریز محمد یاسین نے اجلاس میں بجٹ سے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ حکومت سندھ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
تاجر رہنماؤں نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی، غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف ایکشن اور سہراب گوٹھ تا پاور ہاؤس چورنگی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے پر کمشنر کراچی کو خراج تحسین پیش کیا اور اظہار تشکر کیا۔
اجلاس میں مختلف انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں احمد عظیم علوی، سراج مند، محمد یونس خمیسانی، شکیل اشفاق، مسعود نقی، شاہ زمان اور مسعود احمد شامل تھے۔
