پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ ختم ہونے کے فوراً بعد ایک خفیہ پیغام کے ذریعے النصر سے ممکنہ رخصتی کا اشارہ دے دیا۔ رونالڈو نے سوشل میڈیا پر اپنی الناصر شرٹ میں تصویر کے ساتھ لکھا، "یہ باب ختم ہو گیا ہے… کہانی ابھی لکھی جا رہی ہے۔”
ڈیاگو میراڈونا کی موت کا مقدمہ معطل جج کی غیرجانبداری پر سوالات اٹھ گئے
40 سالہ رونالڈو نے دسمبر 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ کر سعودی عرب کے کلب النصر سے معاہدہ کیا تھا، جو اس موسمِ گرما میں ختم ہو رہا ہے۔
خصوصی ٹرانسفر ونڈو:
فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے کلب ورلڈ کپ 2025 کے سلسلے میں ایک خصوصی ٹرانسفر ونڈو کا اعلان کیا ہے، جو 1 سے 10 جون تک کھلی رہے گی، تاکہ 32 کوالیفائیڈ کلب نئے کھلاڑیوں کو سائن کر سکیں۔ اس تناظر میں رونالڈو کا پیغام ایک ممکنہ ٹرانسفر کی جانب اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
النصر کی کارکردگی:
النصر اس سیزن میں سعودی پرو لیگ میں تیسرے نمبر پر رہا اور ایشین چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں جاپان کے کاواساکی فرنٹیل کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ تاہم رونالڈو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 24 گولز کے ساتھ ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا۔
مستقبل کی جھلک:
پانچ بار کے بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ اسٹار نے گزشتہ سال عندیہ دیا تھا کہ وہ اپنا کیریئر النصر میں ختم کر سکتے ہیں، تاہم حالیہ پیغام نے شائقین اور فٹبال تجزیہ کاروں میں قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے کہ رونالڈو یورپ یا کسی اور بڑے کلب کا رخ کر سکتے ہیں۔
شکرگزاری کا اظہار:
رونالڈو نے اپنے پیغام میں صرف یہ کہا: "سب کا شکر گزار ہوں"، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ النصر میں اپنے وقت کا اختتام کر رہے ہیں۔
