کراچی ( ) — پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، تاہم بھارت کو اپنی سازشوں سے باز آنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت پر فیٹیف کی گرے لسٹ کے تحت معاشی پابندیاں عائد کی جائیں کیونکہ بھارت دہشتگردی، اقلیتوں پر مظالم اور نسل کشی کا مرتکب ہے۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ مودی حکومت آر ایس ایس اور بی جے پی کے جنونی ہندوں کو اربوں روپے کی فنڈنگ کر کے دہشتگردی کرواتی ہے، جہاں مسجدوں پر حملے، مسلمانوں کو زندہ جلانا اور جموں و کشمیر میں مسلم نسل کشی معمول بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور اس کی اوچھے ہتھکنڈے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے بھارت کی پاکستان مخالف سازشوں کو ناکام بنانے اور پاکستان کی معاشی استحکام کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام متحد ہو کر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ بھارت کی ہر سازش و پروپیگنڈہ کو حقائق کے ذریعے بے نقاب کیا جائے گا اور پاکستان دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
