کورنگی چکراگوٹھ کی عوام شدید گرمی میں 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آ کر میدانِ احتجاج میں آ گئے ہیں۔ باقاعدگی سے بجلی کے بل بھرنے کے باوجود مسلسل بجلی کی فراہمی نہ ہونے پر مقامی شہریوں نے سڑکیں بلاک کر کے احتجاج کیا اور سڑک پر ٹائر جلائے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ بجلی چوری کرتے ہیں ان کی بجلی کاٹ دی جائے جبکہ وہ جو بل بھر رہے ہیں ان کے ساتھ زیادتی بند کی جائے۔ کورنگی نمبر ایک، Y ایریا، نورانی بستی اور چکراگوٹھ میں سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جس کا سلسلہ ہر ڈیڑھ گھنٹے بعد تین گھنٹے تک جاری رہتا ہے۔
عوام نے کے الیکٹرک کی اس ظالمانہ لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رات 12 بجے سے لے کر صبح کے 2:30 سے 3 بجے تک بجلی بند رکھی جاتی ہے، جس سے بزرگ، خواتین اور بچے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے سندھ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک پر لگام ڈال کر عوام کو اس اذیت سے نجات دلائی جائے۔
کورنگی کی عوام نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس مظلوم عوام کو کے الیکٹرک کے ظلم سے نجات دلائیں۔