کراچی: نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے فیکٹریوں میں وارداتیں کرنے والے بدنام زمانہ "فیضوں گینگ” کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں دو شدید زخمی حالت میں شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مقابلہ مین روڈ سیکٹر 6-بی صدیق آباد قبرستان کے قریب اس وقت پیش آیا جب مشتبہ رکشہ اور موٹر سائیکل پر سوار ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی میں دو ملزمان زخمی جبکہ تین کو بغیر مزاحمت کے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے تین لوڈ شدہ پستول، ایک چھینی ہوئی یونیک موٹر سائیکل، ایک رکشہ اور پانچ چھینے گئے موبائل فون برآمد کرلیے ہیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد فیاض عرف فیضو ولد غلام حیدر، رفیق ولد کالو، (زخمی) محمد زاہد ولد محمد بخش، فلک شیر ولد اللہ دتہ اور اقبال ولد غلام مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان شہر میں فیکٹری ورکرز اور شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
