راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے 4 اور 5 مئی 2025 کو انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کیں جن کے دوران 8 خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
نیو کراچی: پولیس اور فیضوں گینگ کے درمیان مقابلہ، دو زخمی سمیت پانچ ملزمان گرفتار
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کی گئی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ اسی روز جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر کی گئی ایک اور کارروائی میں دو مزید خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ اس جھڑپ کے دوران نائیک مجاہد خان، جو کہ ضلع کوہاٹ کے رہائشی تھے، مادر وطن پر قربان ہوکر شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔
علاوہ ازیں خیبر اور بنوں میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے ہوئے جن میں مزید تین دہشت گرد مارے گئے۔ ان تمام کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں۔