کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کی سماعت گاہ میں ہفتہ طلبہ اور انٹر اسکولز اسپورٹس ٹورنامنٹ 2023-24 کی تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
نیو کراچی ٹاؤن میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی جاری، چیئرمین محمد یوسف کا دورہ
تقریب میں سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد، ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو، دیگر بورڈ افسران، اسکول سربراہان، اساتذہ کرام اور طلبہ نے شرکت کی۔
چیئرمین بورڈ ڈاکٹر سید شرف علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند اور تخلیقی سرگرمیوں میں مشغول رکھنا اولین ترجیح ہے۔ اسکولوں کو چاہیے کہ وہ ان سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں، تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔
اس ٹورنامنٹ میں تقریباً 300 سے زائد اسکولوں کے نہم و دہم جماعت کے طلبہ نے حصہ لیا۔ سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں نظم و ضبط، قیادت اور ٹیم ورک کی صلاحیتیں پیدا کرتی ہیں، اور میٹرک بورڈ ان سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرے گا۔
ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور انہیں تعلیم کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ٹرافیاں، اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ والدین اور شرکاء نے میٹرک بورڈ کے اس اقدام کو سراہا۔
