اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ رنگ برنگے، رسیلے پھل اللہ کی خاص نعمتوں میں سے ہیں۔ پاکستان میں ہر طرح کے موسمی پھل دستیاب ہیں۔
پھلوں میں تمام غذائی اجزاء، وٹامنز اور معدنیات وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ پھل کھانے سے آدمی تندرست و توانا رہتا ہے۔ صحت مند اور تروتازہ رہنے کے لیے تازہ اور رس بھرے پھلوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
کھجور
کھجور میں بے حد غذائیت ہے، تازہ خون پیدا کرتی ہے، ہاضم ہے۔ معدہ، جگر اور باہ کو قوت بخشتی ہے، جسم کو فربہ کرتی ہے، لقوہ اور فالج جیسے امراض میں بہت مفید رہتی ہے۔ کھجور میں تمام غذائی اجزاء، وٹامنز اور معدنیات شامل ہوتے ہیں۔ کھجور کی گٹھلیاں بھی کئی امراض کا علاج ہیں۔ مثلاً اسہال بند کرتی ہیں۔ جلی ہوئی گٹھلیوں کا سفوف بہتا ہوا خون بند کر دیتا ہے اور زخم کو صاف کرتا ہے، اس سفوف کو بطور منجن استعمال کرنے سے دانت مضبوط ہوتے ہیں۔ (کتاب المفردات)
کھجور کے دیگر فوائد درج ذیل ہیں: جسمانی کمزوری کے لیے خاص طور پر جب کسی کو کچھ عرصہ کھانے کو نہ ملے تو توانائی جلد بحال کرنے کے لیے کھجور کا باقاعدہ استعمال کیا جائے۔ دبلا پن دور کرنے کے لیے کھجور کے ساتھ کھیرا، ککڑی، تربوز اور آلو کا استعمال کریں۔ پیٹ کے کیڑے مارنے کے لیے نہار منہ کھجور کھائیں۔ گردوں، مثانہ، پتہ، آنتوں میں قولنجی دردوں کو دور کرنے کے لیے بکثرت کھجور استعمال کریں۔
انجیر
خوش ذائقہ پھل ہے۔ اس کا ذکر قرآن پاک میں بھی ہے۔ جلد کی بیماریوں میں مفید ہے، انجیر کھانے سے معدہ اور جگر ٹھیک کام کرتے ہیں، ورم تلی دور ہوتا ہے۔
گلے کی خراش کے لیے دو دانے کھائیں، سخت پھوڑے کے لیے دودھ میں انجیر پکا کر پلٹس باندھیں۔ اس سے جلدی گندا مواد نکل آئے گا۔ بچے کے سر پر بال نہ ہوں انجیر کی چھال اور سمندری جھاگ پیس کر گاڑھا لیپ کریں۔ انجیر کھانے سے بچوں کا قد بڑھتا ہے۔ بوڑھے روزانہ تین، چار دانے دودھ کے ساتھ کھائیں، نظر تیز ہوگی۔ تازہ انجیر توڑنے پر سفید دودھ نکلتا ہے۔ یہ دودھ برص Leucoderma کے داغوں پر لگانے سے نشانات مٹ جاتے ہیں
شہتوت
شہتوت کا خوبصورت اور فرحت بخش پھل کھانے سے طبیعت ایک دم بحال ہو جاتی ہے۔ اس کی سینکڑوں اقسام ہیں۔ بعض اقسام تو ایسی ہیں کہ شہتوت کا داد منہ میں رکھتے ہی شیرینی کی طرح گھل جاتا ہے اور مزید کھانے کو دل کرتا ہے۔ منٹوں میں پلیٹ صفا چٹ ہو جاتی ہے۔
شہتوت کا پھل بیماریوں سے پیدا شدہ گندے مادے خارج کرتا ہے۔ جگر کا فعل درست کرتا ہے، خون صاف کرتا ہے۔ پھوڑے پھنسیوں سے حفاظت، گلے کی تکلیف اور خناق Diphtheria کا علاج ہے۔ گھبراہٹ بے چینی اور چڑ چڑے پن کو ختم کرتا ہے۔ اسے کھانے سے اعصاب پرسکون ہو جاتے ہیں۔ دل و دماغ میں ترو تازگی آتی ہے۔
سفید شہتوت جگر اور پھیپھڑوں کو طاقت دیتا ہے۔ آج کل شربت توت سیاہ کھانسی کا مجرب علاج ہے۔ منہ میں چھالے پڑ گئے ہوں تو کالے شہتوت کا شربت استعمال کریں، گلے کے غدود ٹانسلز بڑھ جائیں، آواز بھاری ہو جائے تو شہتوت کا شربت دیں، آپریشن کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔
تمباکو نوشی میں گلے کو صاف رکھتا ہے، گردے صاف کرتا ہے، پیاس گرمی دور کرتا ہے، شہتوت کھانے سے گلے کے غدود ٹانسلز بڑھ نہیں سکتے، گرمی کے دنوں میں متواتر دو ماہ صبح و شام 200 گرام شہتوت کھائیں تو خناق سے چھٹکارا ہو جاتا ہے۔
لیموں
لیموں ذائقہ بخش پھل ہے جو ہر کھانے کا لازمی جزو ہوتا ہے۔ یہ ہاضم ہے۔ قے اور متلی میں لیموں کاٹ کر تھوڑا سا نمک اور کالی مرچ چھڑک کر چٹائیں، لیمن جوس، گلاب کا عرق ہم وزن میں ایک چمچ گلیسرین یا شہد ملا کر لگانے سے کیل اور مہاسے ختم ہو جاتے ہیں۔ لیموں کی سکنجین پینے سے گرمی دور ہوتی ہے۔
ڈی ہائیڈریشن کنٹرول ہو جاتی ہے۔ بخار کم ہوتا ہے۔ الٹیاں ختم ہوتی ہیں۔ پیٹ کے افعال درست رہتے ہیں۔ دانتوں کی بیماری، پائیوریا یا ماسخورہ میں عرق گلاب میں رس ملا کر پلائیں۔ ملیریا میں لیموں کی سکنجین دیں۔ عرق میں بیسن ملا کر چہرے پر لگانے سے داغ دور ہوتے ہیں۔ دمہ میں لیمن جوس دن میں تین بار پلائیں۔ جگر و تلی کے امراض میں بہت فائدہ مند ہے۔ یرقان میں سکنجین بار بار پلائیں۔ سر درد ہو تو قہوہ میں لیموں نچوڑ کر پلائیں، نزلہ زکام میں لیموں کے گرم گودے میں شہد ملا کر کھلائیں۔ موٹاپا دور کرنے کے لیے روزانہ نہار منہ لیمن گراس قہوہ میں ایک لیموں نچوڑ کر لیں۔