سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق 29 نومبر کو جلسے کی درخواست سندھ ترقی پسند پارٹی نے پہلے جمع کرائی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کسی سیاسی جماعت کو ریلی نکالنے سے نہیں روک رہی، تاہم پہلے اعلان کرنے والی جماعت کا حق پہلے بنتا ہے۔
تصادم کے خدشے کے باعث اجازت نہیں دی گئی
محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق ممکنہ تصادم کے پیش نظر ایم کیو ایم کو شاہراہ فیصل پر ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ نے ایم کیو ایم کو کسی اور دن ریلی یا جلسہ منعقد کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے علاوہ ریلی کا روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔