آباد کا سیل شدہ عمارتیں ڈی سیل کرنے کے لیے سندھ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے سندھ حکومت کو سیل شدہ قانونی عمارتیں ڈی سیل کرنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دے دی۔ آباد نے خبردار کیا ہے کہ مطالبہ پورا نہ ہونے پر تعمیراتی کاروبار بند کردیا جائے گا۔

آباد کے چیئرمین حنیف گوہر نے جمعہ کو آباد ہاؤس میں ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ پیر تک قانونی عمارتیں ڈی سیل نہ ہوئیں تو بلڈرز اپنا کاروبار مکمل طور پر بند کردیں گے۔

ان کے مطابق اس فیصلے سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں۔ بلڈرز احتجاجاً سڑکوں پر آنے اور مزدوروں کو فارغ کرنے پر بھی مجبور ہوں گے۔

قانونی عمارتیں سیل کرنے پر اعتراض

حنیف گوہر نے الزام لگایا کہ سندھ حکومت اپنی کوتاہی چھپانے کے لیے قانونی بلڈرز کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈمن سوسائٹی میں حالیہ عمارت گرنے کا واقعہ غیر قانونی تعمیرات کے باعث پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ عمارت کو گراؤنڈ پلس ون کی اجازت حاصل تھی، لیکن اس کے باوجود کئی منزلیں تعمیر کی گئیں۔

چیئرمین آباد کے مطابق واقعے کے بعد حکومت نے غیر قانونی عمارتیں سیل کرنے کا اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا۔ تاہم اس کی آڑ میں آباد کے ارکان کی منظور شدہ عمارتیں بھی سیل کردی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلڈرز نے متعلقہ افسران کو منظوری کے دستاویزات دکھائے، لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی۔ مختار کاروں اور بلڈنگ کنٹرول کے افسران نے جانچ پڑتال کے بغیر عمارتیں سیل کردیں۔

ایس بی سی اے افسران پر الزامات

حنیف گوہر نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران پر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ ان کے مطابق افسران کی موجودگی میں غیر قانونی تعمیرات ہوتی رہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے وصول کرکے غیر قانونی تعمیرات کو نظر انداز کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زبردستی وصول کی جانے والی رقم بھتہ نہیں بلکہ ایکسٹارشن ہے۔

چیئرمین آباد نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والے پورشن مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے قانونی کاروبار کرنے والے بلڈرز کو تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

26 سڑکوں پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت کا مطالبہ

حنیف گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور بلاول بھٹو زرداری سے مداخلت کی اپیل کی۔

انہوں نے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کراچی کی 26 سڑکوں پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ ان کے مطابق سندھ حکومت نے ان سڑکوں پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ آباد کے ارکان کی اربوں روپے کی جائیدادیں وہاں موجود ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کاروباری شخصیات اور بلڈرز کی تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے بقول ایسے اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوگا اور ملک میں بے روزگاری بڑھے گی۔

150 قانونی عمارتیں سیل ہونے کا دعویٰ

چیئرمین آباد نے کہا کہ تنظیم کے ارکان تمام قواعد و ضوابط کے مطابق تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آباد صرف ان افراد کو پروفیشنل بلڈر تسلیم کرتا ہے جن کے پاس باقاعدہ بلڈنگ لائسنس ہو۔

ان کے مطابق لیاری اور گلبہار میں منہدم ہونے والی عمارتوں کا آباد کے ارکان سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی میں بعض اسٹیٹ ایجنٹس خود کو بلڈر ظاہر کرکے غیر قانونی تعمیرات کررہے ہیں۔

حنیف گوہر نے ایڈمن سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں عمر اور شانی نامی ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کی تعمیراتی سرگرمیوں پر بھی سوالات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ آباد متعدد مرتبہ غیر قانونی تعمیرات روکنے کا مطالبہ کرچکا ہے، لیکن حکومت اور متعلقہ ادارے سانحات کے بعد حرکت میں آتے ہیں۔

چیئرمین آباد کے مطابق تنظیم کے تقریباً 150 ارکان کی قانونی عمارتیں سیل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں تین روز میں ڈی سیل کیا جائے، بصورت دیگر ارکان تعمیراتی سرگرمیاں روک کر احتجاج کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!