نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن جوئے اور سٹے بازی کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی ہے۔ حکام نے مرکزی ملزم سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ تحقیقات کے دوران 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئیں۔ حکام نے 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثے منجمد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ارب روپے کی رقم اور اثاثے بھی منجمد کیے گئے ہیں۔
240 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز
شہزاد اکبر کے مطابق تحقیقات کا آغاز اسٹیٹ بینک کی فراہم کردہ مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس سے ہوا۔ ابتدائی رپورٹس میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز سامنے آئی تھیں۔
تفتیش کا دائرہ بڑھانے پر مشکوک اکاؤنٹس میں مجموعی آمدن 240 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹ ورک کی مجموعی مالی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک پہنچ سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیٹ ورک میں 38 بینک اکاؤنٹس اور 40 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔ 38 کمپنیوں کے ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
موبائل ایپس کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمان جوئے اور بیٹنگ کے لیے متعدد موبائل ایپس استعمال کرتے تھے۔ صارفین موبائل اکاؤنٹس کے ذریعے ان ایپس میں رقم جمع کراتے تھے۔
ابتدا میں شہریوں کو منافع کا لالچ دیا جاتا تھا۔ اس طرح انہیں جوئے کی لت میں مبتلا کیا جاتا۔ بعد ازاں ان کی جمع پونجی ہتھیا لی جاتی تھی۔
شہزاد اکبر نے بتایا کہ شہریوں کی رقوم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کرکے مسلسل گردش میں رکھی جاتی تھیں۔ نیٹ ورک میں 60 سے 65 فیصد رقم دوبارہ استعمال ہوتی تھی۔
ایپس کے منافع میں سے 30 سے 35 فیصد حصہ ایپ ڈویلپرز اور نیٹ ورک کو ملتا تھا۔ اکاؤنٹس فراہم کرنے والے، مرچنٹس اور مینجمنٹ بھی منافع میں شریک تھے۔
مرکزی ملزم سمیت 5 افراد گرفتار
شہزاد اکبر کے مطابق 40 نامزد ملزمان میں سے مرکزی کردار سیف سمیت 5 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ گرفتار افراد میں 3 کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور 2 ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی میں نیٹ ورک کے اصل مستفید ہونے والے مالکان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
نیٹ ورک سے منسلک 2 بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی رقم اور اثاثے بھی منجمد کیے گئے۔ گرفتار ملزم سے 73 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثے منجمد کیے گئے۔
بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے منتقل
ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ جوئے کی رقم مختلف کاروباری پروفائلز کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔ ان میں ڈیری اور ویب ڈیزائننگ سمیت دیگر کاروبار شامل تھے۔
بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں۔ اکاؤنٹ ہولڈرز کو ماہانہ رقم دے کر ان کے بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے۔
شہزاد اکبر کے مطابق ایک شخص کے نام پر موجود 3 اکاؤنٹس میں 18 ماہ کے دوران 2 ارب روپے منتقل ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مبینہ سہولت کاری کرنے والے بینک منیجرز کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔ اکاؤنٹس کھولنے میں ملوث بینک عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ان کے مطابق نیٹ ورک کی تحقیقات کا دائرہ دیگر علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔