سندھ حکومت نے کراچی کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات ہٹانے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی ہوگی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کراچی پولیس چیف آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پولیس اور شہری انتظامیہ مشترکہ آپریشن کریں گے
اجلاس میں پیپلز بس سروس کے روٹس پر قائم تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کی ہدایت کی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر تجاوزات کے باعث شہریوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں اور رکاوٹوں سے ایندھن کے اخراجات بڑھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت میں دشواری پیش آتی ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم شاہراہوں اور بس روٹس کو تجاوزات سے پاک کرنا ضروری ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، شہری انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ مشترکہ حکمت عملی کے تحت تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کریں گے۔
غیر قانونی بس اڈے شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں سہراب گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے متعلقہ اداروں کو غیر قانونی ٹرمینلز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔
جدید بس اڈوں اور لاجسٹکس پارک کے منصوبوں پر غور
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی سے باہر جدید بس اڈے قائم کرنے اور کراچی بس ٹرمینل کی توسیع کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے متعلقہ حکام کو لاجسٹکس پارک کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔