حکومت سندھ اور گلگت بلتستان نے خطے میں امراضِ قلب کے علاج کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت سندھ کے اعلیٰ سطحی وفد نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران محکمہ صحت گلگت بلتستان اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) کے نمائندوں کے ساتھ اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کارڈیک ہسپتال گلگت کے انتظامی اور عملی امور کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے گلگت بلتستان میں این آئی سی وی ڈی کا علاج معالجے کا ماڈل متعارف کرانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
این آئی سی وی ڈی طبی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاکھوں مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے تجربے کی بنیاد پر این آئی سی وی ڈی گلگت بلتستان کو طبی، تکنیکی اور انتظامی معاونت دے گا۔
اس تعاون کے تحت کارڈیک سرجری، کیتھ لیب، بچوں کے امراضِ قلب، نرسنگ کیئر اور کارڈیک ایمرجنسی کی سہولیات مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
معیاری علاج تک رسائی بڑھانے کا منصوبہ
حکومت سندھ، این آئی سی وی ڈی اور گلگت بلتستان کے درمیان یہ اشتراک خطے میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس تعاون کا مقصد عوام کو معیاری امراضِ قلب کے علاج تک بہتر رسائی فراہم کرنا اور کارڈیک ہسپتال کی طبی و انتظامی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔