ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں منشیات برآمدگی کے تین مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف سماعت ہوئی۔ عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جیل حکام نے ملزمہ کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر سمیت تین گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
تفتیشی افسر کا بیان
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سمیر کو مبینہ طور پر منشیات کی ترسیل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش انمول عرف پنکی کے مبینہ نیٹ ورک کی نشاندہی کی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ ان مقدمات میں مفرور تھی اور رواں سال ایک دوسرے مقدمے میں گرفتار ہوئی۔
دو مقدمات میں بریت کی درخواستیں دائر
سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نے گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے مہلت طلب کی۔ ملزمہ کی جانب سے دو مقدمات میں بریت کی درخواستیں بھی دائر کی گئیں۔
درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ کو متعلقہ مقدمات سے بری کیا جائے۔
مقدمات 2021 میں درج ہوئے تھے
پولیس کے مطابق منشیات برآمدگی کے تینوں مقدمات 2021 میں تھانہ درخشاں میں درج کیے گئے تھے۔
عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی۔