کراچی: گلشن فلک ناز، بلاک جے میں ایک بند اپارٹمنٹ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ جاں بحق افراد میں میاں بیوی، ان کی دو کم سن بیٹیاں اور ایک خاتون شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاشیں پلاٹ نمبر ایس تھری کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایک کمرے کے اپارٹمنٹ سے ملیں۔ گھر اندر سے بند تھا اور دروازے کے ہینڈل میں ورزش کے لیے استعمال ہونے والی ڈمبل راڈ پھنسی ہوئی تھی۔
میاں بیوی کو گولیاں لگنے کے نشانات
پولیس کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق جاں بحق افراد میں 30 سے 32 سالہ شہزیب ولد نوازش علی، ان کی اہلیہ صبا، شہزیب کی بہن شمائلہ اور ان کی دو کم سن بیٹیاں شامل ہیں۔
صبا کی عمر 28 سے 30 سال، شمائلہ کی عمر 20 سے 22 سال بتائی گئی ہے۔ بچیوں کی عمریں تقریباً تین سے پانچ سال کے درمیان تھیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق شہزیب اور صبا کی لاشیں صوفے پر بیٹھی ہوئی حالت میں ملیں۔ دونوں کے سروں پر گولی لگنے کے نشانات تھے۔ صبا کی گود سے ایک پستول بھی برآمد ہوا۔
شمائلہ اور دونوں بچیوں کی لاشیں بستر پر چادروں سے ڈھکی ہوئی ملیں۔ ابتدائی مشاہدے میں بچیوں کو زہر دیے جانے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس کی تصدیق پوسٹ مارٹم اور مزید تحقیقات کے بعد ہوگی۔
جائے وقوعہ سے تحریر بھی برآمد
اطلاعات کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک تحریر بھی ملی ہے، جو مبینہ طور پر شہزیب نے لکھی تھی۔ اس میں بیروزگاری اور مالی مشکلات کا ذکر بتایا گیا ہے۔
شہزیب کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ پراپرٹی ایجنٹ تھے۔ تاہم پانچوں افراد کی ہلاکتوں کے حالات اور واقعے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے۔
لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
پاکستان کی شام میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت، مقبوضہ علاقوں سے انخلا کا مطالبہ
آئی جی سندھ نے رپورٹ طلب کرلی
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام پہلوؤں سے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں۔ ہلاکتوں کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے شواہد اور فرانزک رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے۔
آئی جی سندھ نے قانونی تقاضے پورے کرنے اور کسی ممکنہ مجرمانہ پہلو یا ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے تحقیقات میں پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھنے کا بھی حکم دیا۔