کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں کراچی کے امن و امان اور جرائم کے خلاف پولیس اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، زونل ڈی آئی جیز، ایس ایس پی ایس آئی یو اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔ زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پی ایس آئی یو نے اپنے علاقوں اور یونٹ میں جرائم کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا۔
اسٹریٹ کرائم کے خلاف اقدامات
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کے خلاف پولیس کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
ان کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پیٹرولنگ، نفری اور موٹرسائیکلوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کراچی پولیس روزانہ کی بنیاد پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے۔
آئی جی سندھ نے حالیہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کی شناخت کے ساتھ جرائم پیشہ گروہوں اور ان کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہر ضلع میں شاہین فورس کی نفری اور پیٹرولنگ غیر معمولی طور پر بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
بھتہ خوری اور منشیات کے خلاف کارروائی
ایس ایس پی ایس آئی یو نے شہر میں بھتہ خوری کی شکایات، روک تھام اور ملزمان کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ نے اسٹریٹ کرائم اور بھتہ خوری کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
جاوید عالم اوڈھو نے منشیات مافیاز کے خلاف بھی سخت اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مفرور، عادی مجرمان اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کرنے کا حکم دیا۔
انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر زور
آئی جی سندھ نے فیلڈ افسران کو جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مؤثر نگرانی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سندھ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے تھانہ، بیٹ اور پیٹرولنگ کی سطح پر پولیس اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
