کراچی: اے وی ایل سی، سی آئی اے کراچی کی شاہ فیصل ڈویژن ٹیم نے پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ کار چور کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔
اے وی ایل سی کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر ندی بن پولیس چوک، احمد رضا چوکی کے قریب تھانہ شاہ فیصل کی حدود میں کی گئی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں در محمد بروہی ولد شیر علی زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔
دو ساتھی فرار
اے وی ایل سی کے مطابق پولیس مقابلے کے دوران ملزم کے دو نامعلوم ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے موقع سے 30 بور پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کارروائی کے دوران گاڑی AYA-436 بھی برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ گاڑی تھانہ سعیدآباد کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔
47 مقدمات کا سابقہ ریکارڈ
اے وی ایل سی کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف گاڑی چوری، پولیس مقابلے، غیر قانونی اسلحے اور منشیات سمیت 47 مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل سات مرتبہ گرفتار ہوچکا تھا۔
اے وی ایل سی نے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں تیموریہ، کلفٹن، فیروز آباد، گلشن اقبال، شارع فیصل، ڈیفنس، لیاقت آباد، جمشید کوارٹرز، نیو ٹاؤن، سرسید، شاہ نور جہاں، تیموریہ، پاپوش نگر، گل بہار، سمن آباد، نیو ٹاؤن، حیدری مارکیٹ اور دیگر علاقوں کے مقدمات شامل ہونے کا بتایا ہے۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔