کراچی: اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لیے 21 نئی گاڑیاں کراچی پہنچ گئی ہیں۔ نئی گاڑیوں کو 5 روز میں کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے چین سے آنے والی جدید ریسکیو اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کا معائنہ کیا۔
2009 کے بعد بڑا اضافہ
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ریسکیو سروس میں نئی گاڑیوں کی شمولیت 2009 کے بعد بڑا اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ریسکیو گاڑیاں اسلام آباد کے 6 اسٹیشنز پر ہر وقت دستیاب رہیں گی۔
وزیر داخلہ کے مطابق 4 نئے ریسکیو اسٹیشنز کے قیام اور نئی گاڑیوں کی شمولیت سے ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم مزید بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پورے اسلام آباد میں ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹنے میں مدد ملے گی۔
256 فٹ بلندی تک آپریشن کی صلاحیت
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی ریسکیو گاڑیاں 256 فٹ کی بلندی تک آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
نئی گاڑیوں میں 4 فائر ایریل ٹرک، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینکس شامل ہیں۔
حکام کے مطابق جدید گاڑیاں اسلام آباد میں فائر فائٹنگ اور ہنگامی امدادی کارروائیوں کی صلاحیت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔