فاطمینہ اسپتال کے گارڈ کی تشکُّر نیوز ٹیم سے بدتمیزی، نازیبا الفاظ کا استعمال

کراچی (تشکُّر نیوز): 26 سالہ شاہ زیب اشرف کے انتقال کے معاملے پر فاطمینہ اسپتال انتظامیہ کا مؤقف لینے کے لیے پہنچنے والی تشکُّر نیوز کی ٹیم کے ساتھ اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ نے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ صحافتی ٹیم اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے انتظامیہ کا مؤقف لینے پہنچی تھی، تاہم گارڈ نے ٹیم کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا اور صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹ ڈالی۔

تشکُّر نیوز کی ٹیم کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاملے پر خبر نشر کرنے سے قبل متعلقہ ادارے کا مؤقف لینا صحافتی ذمہ داری ہے، اسی مقصد کے لیے اسپتال سے رابطہ کیا گیا، لیکن گارڈ کی جانب سے بدتمیزی اور نازیبا زبان کا استعمال انتہائی افسوسناک ہے۔

تشکُّر نیوز نے سندھ حکومت، محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار سیکیورٹی اہلکار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صحافتی ٹیم کے ساتھ بدسلوکی کو آزادیٔ صحافت اور میڈیا کے پیشہ ورانہ فرائض میں رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب 26 سالہ شاہ زیب اشرف کے انتقال کا معاملہ بھی سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ شاہ زیب کے اہل خانہ کے مطابق انہیں صحت کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، تاہم علاج کے دوران غلط انجکشن لگنے اور طبی غفلت کے باعث ان کی جان چلی گئی۔ ورثاء نے اسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت پر شدید احتجاج کیا ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے کاغذی کارروائی اور بلنگ کے معاملات کو ترجیح دی گئی، جبکہ غلط انجکشن اور علاج میں غفلت کے باعث شاہ زیب کی حالت خراب ہوئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ورثاء نے ذمہ دار ڈاکٹر اور متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہ زیب کے اہل خانہ نے معاملے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔

تشکُّر نیوز کا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت اور محکمہ صحت شاہ زیب اشرف کے انتقال کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرائیں، جبکہ تشکُّر نیوز کی ٹیم کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!