منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ، غربی سرکل نے ناردرن بائی پاس روڈ پر بڑی کارروائی کی ہے۔
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کے مطابق خفیہ اطلاع پر ٹرالر کی تلاشی لی گئی۔ کارروائی کے دوران 102 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔
کارروائی میں 9 کلو آئس، جسے میتھمفیٹامائن بھی کہا جاتا ہے، بھی برآمد کی گئی۔ حکام کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
ٹرالر کے خفیہ حصوں میں منشیات چھپائی گئی تھی
حکام کے مطابق اسمگلروں نے منشیات ٹرالر اور کنٹینر کے خفیہ حصوں میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ نے ٹرالر نمبر TLK-038 قبضے میں لے لیا۔ برآمد شدہ منشیات بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔
ایک ملزم گرفتار، تفتیش شروع
کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزم محمد صدیق کو گرفتار کرلیا گیا۔
حکام نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفتیش کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
تفتیش کے دوران اسمگلنگ میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے کارروائی پر نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی چھاپہ مار ٹیم کو شاباش دی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔