اسٹریٹ کرائم: سندھ میں ٹارگٹڈ آپریشنز اور پولیس گشت بڑھانے کی ہدایت

کراچی: سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور رہزنی کی روک تھام کے لیے پولیس کو کارروائیاں مزید تیز کرنے اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس میں ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کے خلاف پولیس کارروائیوں اور سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کرکے وہاں اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے۔ انہوں نے حساس علاقوں میں مؤثر پٹرولنگ، پکٹنگ اور خصوصی نگرانی کے انتظامات مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور تجارتی مراکز پر پولیس گشت بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے مختلف علاقوں میں سنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت کی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت اور ممکنہ فرار کے راستوں کی مؤثر ریکی کی جائے۔ انہوں نے ڈکیتی اور رہزنی میں ملوث گروہوں کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک کے خلاف بھی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

گٹکا ماوا: بریگیڈ پولیس کی کارروائی، انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ جرائم کی وارداتوں پر فوری رسپانس اور شہریوں کی شکایات پر بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے۔ مقدمات کی مؤثر تفتیش اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے عمل کو بھی مزید بہتر بنایا جائے۔

وزیر داخلہ نے ضلع سے ضلع پولیس رابطہ کاری مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک ضلع میں واردات کے بعد دوسرے ضلع فرار ہونے والے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

انہوں نے مشتبہ گاڑیوں، مطلوب ملزمان اور جرائم پیشہ گروہوں سے متعلق معلومات فوری طور پر متعلقہ اضلاع تک منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ بین الاضلاعی جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر مؤثر نظر رکھی جاسکے۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فیلڈ پولیسنگ مزید مضبوط کی جارہی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پٹرولنگ، نگرانی اور انٹیلی جنس نظام کو مؤثر بنایا جارہا ہے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور رہزنی کے خلاف پولیس کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فیلڈ پولیسنگ کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!