سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اٹلی کے قونصل فیبریزیو بائلی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناصر حسین شاہ نے اٹلی کے قونصل کو سندھ حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر صوبے میں ترقی کا سفر جاری ہے۔
سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت
سید ناصر حسین شاہ نے اٹلی کے قونصل کو سندھ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ سرمایہ کاری کے لیے منافع بخش مواقع رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔
پاکستان اور اٹلی کے تعلقات
وزیر بلدیات نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے اٹلی کے قونصل کا علی ہاؤس آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مہمان کو سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی۔