انتخابات کے بعد روپے کی قدر میں گراوٹ، ڈالر مہنگا ہو گیا

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر گر گئی، ڈالرز ذخائر میں بھی نمایاں کمی ہو گئی

لاہور: انتخابات کے بعد روپے کی قدر میں گراوٹ، ڈالر مہنگا ہو گیا، کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر گر گئی، ڈالرز ذخائر میں بھی نمایاں کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 5 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 279 روپے 33 پیسے پر بند ہوا۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے اضافے کیساتھ 281 روپے 25 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔ جبکہ پاکستان کے ڈالرز ذخائر میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد سرکاری ذخائر 8 ارب 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔

 

 

مرکزی بینک کے مطابق زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 13 ارب 9 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 5 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ دوسری جانب پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد صرف 2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی کا شکار ہو گئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق عام انتخابات کے نتائج میں تاخیر کے تنازعے اور کسی بھی جماعت کو سادہ اکثریت نہ ملنے کے باعث مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔
اسی باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ کاروباری دن کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 2200 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم کاروباری روز کا اختتام ہر 1878 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس 61 ہزار 65پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ مندی کے سبب 85 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 2 کھرب 64 ارب 52 کروڑ 29 لاکھ 398 روپے ڈوب گئے۔
اس سےقبل انتخابات کے بعد اگلے روز یعنی جمعہ 9 فروری کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1200 پوائنٹس کی تنزلی پر بند ہوا تھا۔ یعنی الیکشن کے بعد صرف 2 کاروباری ایام میں اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس مجموعی طور پر 3 ہزار 78 پوائنٹس کی کمی کا شکار ہو چکا۔ 2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے باعث مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کے 325 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!