کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹر نتائج کے تحت بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کونکورڈیا کالج گلشن حدید کیمپس کی طالبہ جنت بنت علی دوست نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے مطابق جنت بنت علی دوست نے رول نمبر 625716 کے تحت 1100 میں سے 1005 نمبر حاصل کیے اور اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم حمزہ شکیل نے 1003 نمبر اور اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی طالبہ لائبہ ذوالفقار نے 989 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
چیئرمین انٹربورڈ نے رواں سال امتحانات میں نمایاں کارکردگی پر آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پری انجینئرنگ کے بعد سائنس جنرل گروپ میں بھی کالج کے طالب علم کی نمایاں کامیابی طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کی محنت اور رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی نمایاں کامیابیاں سندھ میں تعلیمی معیار میں بہتری کی عکاسی کرتی ہیں۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق سائنس جنرل گروپ کے امتحانات کے لیے 18 ہزار 913 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ 18 ہزار 591 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 10 ہزار 511 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 56.54 فیصد رہا۔
نتائج کے مطابق 748 امیدواروں نے اے ون، 2193 نے اے، 3184 نے بی، 3076 نے سی، 1280 نے ڈی اور 20 امیدواروں نے ای گریڈ حاصل کیا، جبکہ 10 امیدوار پاس قرار پائے۔
امیدوار اپنے نتائج کراچی انٹربورڈ کی ویب سائٹ اور بورڈ کی آفیشل اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے بھی دیکھ سکتے ہیں۔