آج ٹی وی کے باہر صحافیوں کا احتجاج، تنخواہوں کی ادائیگی اور برطرف ملازمین کی بحالی کا مطالبہ

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آج ٹی وی کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے صحافیوں کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی، برطرف ملازمین کی بحالی اور غیر قانونی کٹوتیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرے میں صحافی تنظیموں کے عہدیداروں، صحافیوں، کیمرہ مینوں، فوٹو جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا میں کے یو جے برنا، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن، لوکل گورنمنٹ باڈیز ایسوسی ایشن، اے سی جے اور پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس اینڈ رائٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شامل تھے۔

مظاہرے کی قیادت کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، جنرل سیکریٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ کے ارکان نے کی۔

مظاہرین نے آج ٹی وی انتظامیہ کے خلاف جبری برطرفیوں، تنخواہوں میں تاخیر اور غیر قانونی کٹوتیوں پر نعرے بازی کی۔ ان کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے، جن پر ’برطرفیاں بند کرو‘، ’مزدور دشمن پالیسی نامنظور‘ اور ’صحافی اتحاد زندہ باد‘ کے نعرے درج تھے۔

صحافیوں کا معاشی استحصال ناقابل قبول ہے، رہنما

مظاہرے سے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان، جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر سمیر قریشی اور سیکریٹری ندیم احمد نے خطاب کیا۔

اس موقع پر لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد علی حفیظ، پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اصغر عظیم، اے سی جے کے سیکریٹری یوسف سلطانی اور سینئر صحافی جاوید چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

صحافی رہنماؤں نے کہا کہ آج ٹی وی سمیت کئی میڈیا اداروں میں کارکنوں کا معاشی استحصال کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق جبری برطرفیاں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی آزادیٔ صحافت پر براہ راست حملہ ہیں۔

کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری اور جنرل سیکریٹری ریحان خان چشتی نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، لیکن کئی میڈیا اداروں میں برسوں سے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ ایسے میڈیا مالکان کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا۔

انتظامیہ کی نومبر اور دسمبر میں تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی

احتجاج کے دوران آج ٹی وی انتظامیہ نے مظاہرین کو مذاکرات کی دعوت دی۔ کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری اور سیکریٹری ریحان خان چشتی کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی نے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان اور دیگر نمائندوں کے ہمراہ ڈائریکٹر فنانس حماد سے ملاقات کی۔

مذاکرات میں آج ٹی وی انتظامیہ نے نومبر میں دو تنخواہیں جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انتظامیہ کے مطابق مزید دو تنخواہیں دسمبر میں ادا کی جائیں گی۔

مذاکرات کے بعد مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے کہا کہ وعدے پر عمل نہ ہوا تو 16 نومبر کو آج ٹی وی کے باہر دوبارہ دھرنا دیا جائے گا۔

دیگر میڈیا اداروں کے خلاف بھی احتجاج کا اعلان

کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے کہا کہ سنو ٹی وی، ایک نیوز اور امت اخبار سمیت دیگر اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بھی مظاہرے کیے جائیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ تنخواہیں ادا نہ کرنے والے میڈیا اداروں کے مالکان کے گھروں کے باہر بھی دھرنے دیے جائیں گے۔

نصراللہ چوہدری اور ریحان خان چشتی نے کہا کہ صحافیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں تمام صحافتی تنظیموں کے ساتھ ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!