اسلام آباد: پاکستان کو موجودہ مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2026 میں 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد کی بیرونی مالی معاونت موصول ہوئی، جس میں 74 کروڑ 46 لاکھ ڈالر قرض اور ایک کروڑ 83 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں موصول ہونے والی بیرونی مالی معاونت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 214 ارب 99 کروڑ روپے بنتی ہے۔ اس رقم میں 209 ارب 88 کروڑ روپے قرض جبکہ 5 ارب 10 کروڑ روپے گرانٹس کی مد میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 میں بیرونی مالی معاونت گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ رہی۔ تاہم جون 2026 کے مقابلے میں اس میں 81 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ حکومت کو جون میں 4 ارب ڈالر سے زائد کی بیرونی مالی معاونت موصول ہوئی تھی۔
ڈیزل قیمت: گڈز ٹرانسپورٹرز کا اضافے پر احتجاج، 15 روزہ قیمتوں کا نظام نافذ کرنے کا مطالبہ
اقتصادی امور ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں دوطرفہ ممالک نے ایک کروڑ 96 لاکھ ڈالر جبکہ مختلف عالمی اداروں نے 25 کروڑ 28 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔
رپورٹ کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے ذریعے 34 کروڑ 39 لاکھ ڈالر کا قرض حاصل کیا گیا۔ عالمی بینک نے 13 کروڑ ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 5 کروڑ 91 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا۔
چین نے بھی جولائی 2026 کے دوران پاکستان کو 14 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کا گارنٹی شدہ قرض فراہم کیا۔