کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے تحت صدر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کی ہدایات پر انکروچمنٹ ٹیم نے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم رکاوٹیں ہٹا دیں۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، اسسٹنٹ کمشنر صدر اور میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن کی ہدایات پر ہونے والی کارروائی کی نگرانی ٹی ایم سی ڈائریکٹر علی اکبر مہر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظفر مقصودی اور ٹی ایم سی انچارج صدر ٹاؤن شاہنواز نے کی۔
انکروچمنٹ ٹیم نے صدر، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، داؤد پوتا روڈ، سٹی کورٹ، سلاؤڈنگ اور مینسن اسٹریٹ سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ انتظامیہ نے تجاوزات قائم کرنے والوں کو آئندہ خلاف ورزی سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انتظامیہ کے مطابق صدر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد شہریوں کے لیے آمدورفت آسان بنانا اور سڑکوں و فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک رکھنا ہے۔

