تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے مرکز میں حکومت سازی کے لیے شراکت اقتدار کا فارمولا تیار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وفاق میں حکومت بنانے کے لیے ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کے درمیان سیاسی اتحاد متوقع ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان 2 نکاتی فارمولا تیار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان بات چیت میں کردار ادا کرنے والی انتہائی اہم شخصیت نے بتایا کہ آج پیپلز پارٹی اپنی سی ای سی کے اجلاس میں شراکت اقتدار کے حوالے سے کسی حتمی نتیجے پر پہنچ جائے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ دو نکاتی فارمولے کے مطابق پہلے مرحلے میں زیادہ نشستوں والی پارٹی کا وزیراعظم 3 سال رہے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں 2 سال کے لیے دوسری جماعت کا وزیراعظم ہو گا جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے مریم نواز کی حمایت کی یقین دہانی کرائے گی۔
ذرائع پیپلز پارٹی کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں وفاق میں پہلی یا دوسری مدت کے فارمولے پر غور ہو گا۔
خیال رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ تیز ہو گیا ہے اور بڑے پارٹی رہنماؤں نے اسلام آباد میں بیٹھک سجا لی ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج ہو رہا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان بھی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آئندہ کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔