ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اہم قومی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے داخلی اور خارجی امور کا جائزہ لیا۔ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی بات ہوئی۔ قومی سلامتی سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر شیری رحمان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر زرداری کو مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان ہونے والے سہ فریقی امن معاہدے سے بھی آگاہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔
صدر اور وزیراعظم نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔