کراچی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات نے یومِ آزادی کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور 92 افراد زخمی ہوگئے۔
رات 12 بجتے ہی کئی علاقوں میں ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی۔ نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں نے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
پاپوش نگر کے صرافہ بازار میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے ایک خاتون کو شدید زخمی کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق 32 سالہ ندا کو سینے میں گولی لگی۔ انہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
پرانی سبزی منڈی کے قریب بھی ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پولیس کے مطابق 42 سالہ محراب گھر کے باہر موجود تھا۔ فائرنگ کے دوران گولی اس کے سینے میں لگی۔
مختلف علاقوں میں شہری زخمی
کراچی پولیس کے مطابق نیو کراچی، پاپوش نگر، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن میں بھی شہری زخمی ہوئے۔
فائرنگ سے 12 سالہ رحیم، 4 سالہ علی اور 7 سالہ نورالعین سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں مختلف عمر کے مرد و خواتین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق میٹھادر، پریڈی، گزری، لائنز ایریا، کورنگی، جناح اسپتال، گلبہار، لیاری اور جمشید کوارٹرز میں بھی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
کینٹ اسٹیشن، عزیز آباد، ملیر، محمود آباد، گلشن اقبال، گارڈن، آرام باغ اور پاک کالونی سے بھی فائرنگ کے زخمی اسپتال پہنچے۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ جشن کے دوران فائرنگ سے گریز کریں۔