کراچی میں تجاوزات کے خلاف کے ایم سی کا آپریشن جاری ہے۔ محکمہ انسدادِ تجاوزات نے لانڈھی اور کورنگی میں کارروائی کی۔
کے ایم سی کے مطابق آپریشن کا مقصد جشن آزادی کے موقع پر شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
تجاوزات کے خلاف کارروائی
محکمہ انسدادِ تجاوزات نے 12 ہزار روڈ اور اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ کیا۔ کارروائی سے قبل اعلانات کے ذریعے تجاوزات قائم کرنے والوں کو خبردار کیا گیا۔
حکام نے تجاوزات ازخود ہٹانے کی ہدایت کی۔ ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کے ٹھیلے، پتھارے اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا۔
آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر انسدادِ تجاوزات شیر علی نے کی۔ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر کورنگی علی الرحمان اور اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کی زیرِ قیادت ہوئی۔
کے ایم سی کے اینٹی انکروچمنٹ سیل اور علاقہ پولیس نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔
’تجاوزات کسی صورت قابل قبول نہیں‘
ڈائریکٹر انسدادِ تجاوزات شیر علی نے کہا کہ جشن آزادی پر شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں کسی بھی صورت تجاوزات قابل قبول نہیں۔ کراچی میں تجاوزات کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کے ایم سی کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر اور میٹروپولیٹن کمشنر ابرار جعفر کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔