...

ترکیہ کارنر: کراچی کی لیاقت میموریل لائبریری میں پاکستان اور ترکیہ کے ثقافتی روابط کے لیے نیا مرکز قائم

ترکیہ کارنر کراچی کی لیاقت میموریل لائبریری میں قائم کر دیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور تحقیقی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ یہ منصوبہ حکومت سندھ اور ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے اشتراک سے مکمل کیا گیا۔

ترکیہ کارنر – ریسرچ، اسٹڈی اینڈ کلچر سینٹر کی حوالگی کی تقریب محکمہ لائبریریز سندھ کے زیر اہتمام لیاقت میموریل لائبریری کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سندھ سید ذوالفقار علی شاہ اور جمہوریہ ترکیہ کے قونصل جنرل ارگُل کدک نے شرکت کی۔

تقریب میں ٹیکا کے ریجنل ہیڈ معشوق پوشا، ڈی جی لائبریریز سندھ ہدایت اللہ راجڑ، ڈی جی ثقافت حبیب اللہ میمن اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ترکیہ کارنر دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور تحقیقی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں اور کمال اتاترک سے لے کر شہید ذوالفقار علی بھٹو تک دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط قائم رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس مرکز میں ترکیہ کے ادب، تاریخ، زبان، ثقافت، کتابیں اور اسکالرشپس سے متعلق معلوماتی مواد دستیاب ہوگا، جس سے طلبہ، محققین اور عام قارئین کو ترکیہ کے علمی و ثقافتی ورثے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

وزیر ثقافت نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہوگا۔

ترکیہ کے قونصل جنرل ارگُل کدک نے کہا کہ ایسے منصوبے پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کو پاکستان کی دوستی پر فخر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان علمی تبادلوں کے مواقع بڑھ سکیں۔


جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.