پاک بحریہ نے چار سینئر کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ ترقی پانے والے افسران میں کموڈور تصور اقبال، کموڈور محمد عمیر، کموڈور شاہد واصف اور کموڈور راؤ احمد عمران انور شامل ہیں۔
پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ریئر ایڈمرل تصور اقبال نے 1995 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور فرانس سے انٹر سروسز اسٹاف کورس مکمل کیا۔ وہ مختلف اہم کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس وقت کمانڈر ویسٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی نمایاں خدمات پر انہیں ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے 1996 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، چین سے کمیونیکیشن کمانڈ کورس اور امریکہ سے نیول اسٹاف کالج کورس مکمل کیا۔ وہ مختلف جنگی بحری جہازوں اور اہم عسکری عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس وقت پاکستان نیول اکیڈمی کراچی کے کمانڈنٹ ہیں۔ انہیں بھی ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔
ریئر ایڈمرل شاہد واصف نے بھی 1996 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے برطانیہ، آسٹریلیا اور پاکستان کے مختلف عسکری اداروں سے اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کی، جن میں کنگز کالج لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز اور ڈیکن یونیورسٹی آسٹریلیا سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگریاں شامل ہیں۔ وہ مختلف کمانڈ اور انتظامی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور اس وقت کمانڈر 25 ڈسٹرائر اسکواڈرن کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہیں بھی ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
ریئر ایڈمرل راؤ احمد عمران انور نے 1996 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے برطانیہ سے ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس اور کنگز کالج لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کیا۔ وہ مختلف جنگی بحری جہازوں کی کمان، نیول ہیڈکوارٹرز، پاکستان نیوی وار کالج اور بیرون ملک اہم سفارتی و عسکری ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ اس وقت نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں نیول سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔
پاک بحریہ کے مطابق ترقی پانے والے چاروں ریئر ایڈمرلز نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ، انتظامی اور آپریشنل ذمہ داریوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔