سیوریج کے نظام کو مون سون بارشوں سے قبل مؤثر بنانے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے صفورا ٹاؤن اور مہران ٹاؤن میں اہم منصوبے مکمل کر لیے ہیں، جن کا مقصد بارشوں کے دوران نکاسی آب کو بہتر بنانا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی ہدایت پر صفورا ٹاؤن، اسکیم 33 میں یونیورسٹی وال کے سامنے اور دی ایجوکیٹر اسکول کے بالمقابل 60 انچ قطر کی مین ٹرنک سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس منصوبے سے مدارس چوک کے دونوں اطراف، سچل گوٹھ، مخدوم بلاول اور محمد خان گوٹھ میں نکاسی آب کا نظام بہتر ہوگا، جبکہ مون سون بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہران ٹاؤن کی 4000 روڈ پر 24 اور 18 انچ قطر کی سیوریج لائنوں کی تقریباً ساڑھے چار ہزار فٹ ونچنگ اور ڈیسلٹنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس دوران گاد، پلاسٹک، ملبہ اور دیگر رکاوٹیں ہٹا کر سیوریج لائنوں کو بحال کیا گیا، جس سے گندے پانی کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اس منصوبے سے مہران ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز اور کورنگی کے بعض علاقوں میں بھی نکاسی آب کا نظام مزید مؤثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ونچنگ اور ڈیسلٹنگ سے سیوریج لائنوں کی کارکردگی اور استعداد میں اضافہ ہوتا ہے، ان کی عمر بڑھتی ہے اور مستقبل میں مرمت و دیکھ بھال کے اخراجات بھی کم ہوتے ہیں۔
واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر شہر کے مختلف اضلاع میں اسی نوعیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ نکاسی آب کا نظام فعال رکھا جا سکے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیوریج لائنوں اور مین ہولز میں کچرا، پلاسٹک، تعمیراتی ملبہ یا دیگر ٹھوس فضلہ نہ پھینکیں، کیونکہ اس سے لائنیں بند ہو جاتی ہیں اور نکاسی آب کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو صاف رکھنے اور مؤثر نکاسی آب برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔

