سولر سسٹم کے ذریعے سندھ حکومت 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے بیان میں کہا کہ حکومت سندھ نے سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کے لیے 18 ارب 20 کروڑ روپے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دور دراز اور کم آمدنی والے خاندانوں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے سے آف گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 32 ہزار خاندان جبکہ آن گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 43 ہزار خاندان فائدہ اٹھائیں گے۔
صوبائی وزیر کے مطابق ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ کا سولر پینل، بیٹریاں، سینٹرل کنٹرول یونٹ، چارج کنٹرولر، موبائل چارجنگ سہولت، پنکھے اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور اب تک مختلف اضلاع میں 15 ہزار سے زائد سولر ہوم سسٹم کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا ہدف جون 2027 تک تمام 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو سولر سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سولر ہوم سسٹم منصوبہ صرف بجلی کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ کم آمدنی والے شہریوں کے لیے ریلیف کا اہم ذریعہ بھی بنے گا۔