ویڈیو لنک سسٹم: سندھ جیلوں میں انڈر ٹرائل قیدیوں کی آن لائن عدالتی پیشی کا آغاز

ویڈیو لنک سسٹم کے ذریعے سندھ کی جیلوں میں انڈر ٹرائل قیدیوں کی عدالتی پیشی کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے سینٹرل پریزن کراچی اور ڈسٹرکٹ پریزن ملیر میں جدید ویڈیو لنک نظام کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں آئی جی سندھ پرزنز اینڈ کریکشن سروس فدا حسین مستوئی، عدالتی افسران اور جیل حکام بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیف جسٹس کو ویڈیو لنک سسٹم کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا اور نظام کی افادیت سے آگاہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق اس جدید نظام سے انڈر ٹرائل قیدیوں کی عدالت میں پیشی کا عمل زیادہ تیز، محفوظ اور مؤثر ہوگا۔ اس کے ساتھ قیدیوں کو جیل سے عدالت منتقل کرنے کی ضرورت کم ہوگی، جس سے سیکیورٹی خدشات میں کمی آئے گی اور سرکاری وسائل کی بھی بچت ہوگی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے دورے کے دوران جیلوں میں جاری اصلاحی، بحالی اور فلاحی اقدامات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے سندھ پرزنز اینڈ کریکشن سروس کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو لنک سسٹم کا نفاذ سندھ کی جیلوں میں ڈیجیٹلائزیشن، بہتر عدالتی رسائی اور جدید اصلاحاتی نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!