ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی سپلائی کے خلاف کراچی کے ضلع سینٹرل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسمگل شدہ اور حکومتِ سندھ کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے ایرانی ڈیزل کی ترسیل میں ملوث تھے۔
ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر تھانہ شاہراہِ نور جہاں کی ٹیم نے مخبرِ خاص کی اطلاع پر نارتھ ناظم آباد کے بلاک J میں قلندریہ چوک کے قریب چھاپہ مارا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سوزوکی گاڑی نمبر KV-2470 کو روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم ڈرائیور نے فرار ہونے کے لیے گاڑی کی رفتار بڑھا دی۔ پولیس نے تعاقب کے بعد گاڑی کو روک کر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت نظام الدین ولد بادشاہ رحمن اور سلمان ولد نیک زادہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل کی سپلائی مکمل کرنے کے بعد واپس آ رہے تھے۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے ڈیزل برآمد ہوا، جسے قبضے میں لے لیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔