اتحاد ٹاؤن میں خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی، ساؤتھ زون کی تفتیشی ٹیم نے کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی مسرور احمد جتوئی کے مطابق ملزمان نے 2 مارچ 2026 کو اتحاد ٹاؤن کے علاقے گلشن غازی میں سحری کے وقت ایک گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں مسماۃ ہدایت بی بی جاں بحق ہو گئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے گھر کے سربراہ کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی، تاہم فائر نہ چلنے اور پستول جام ہونے کی وجہ سے وہ اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قتل کی واردات ذاتی دشمنی کے باعث پیش آئی تھی، جبکہ ملزمان وقوعے کے بعد سے روپوش تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت سید زیب ولد سلطان زیب اور جبران ولد سید زیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کارروائی سب انسپکٹر ناصر خان، ایس آئی او اتحاد ٹاؤن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انجام دی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔