بلوچستان: آپریشن شعبان کے دوران پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مختلف آپریشنز میں اب تک 39 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیے گئے آپریشن شعبان میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید مضبوط کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 6 اور 7 جولائی کو کارروائیوں کے دوران 26 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 13 دہشت گرد مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار کے علاقے زیدی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔ فوج اور ایف سی کے دستوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر آپریشنز کے دوران مزید 5 سے 6 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 75 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔