کراچی: پاک ملائشیا تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور ملائشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہردیاناتا احمد کے درمیان گورنر ہاؤس میں ہونے والی الوداعی ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور ثقافتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں جاری روابط پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا برادر اسلامی ممالک ہیں، جن کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشین قونصل جنرل نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سرمایہ کاری، صنعت، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بندرگاہی شعبوں میں وسیع مواقع فراہم کرتا ہے، جبکہ تعلیمی تعاون اور طلبہ کے تبادلے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
گورنر سندھ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔
ملائشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہردیاناتا احمد نے کہا کہ پاکستان میں ان کا قیام ایک یادگار تجربہ رہا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان یادوں کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر گورنر سندھ نے ملائیشین قونصل جنرل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ دونوں شخصیات نے یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا۔