آن لائن منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے تھانہ درخشاں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈیفنس اور کلفٹن کے مختلف علاقوں میں آن لائن آرڈرز کے ذریعے آئس، ہیروئن اور دیگر منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرحیم ولد جاوید اقبال اور یوسف خان ولد شمس الرحمٰن کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ بطور رائیڈر کام کرتے ہوئے آن لائن آرڈرز وصول کرتے اور مختلف مقامات پر منشیات کی ڈیلیوری کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ان کا نیٹ ورک خاص طور پر ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں سرگرم تھا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 37 گرام آئس، 27 گرام ہیروئن اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی 2 ہزار 800 روپے نقد رقم برآمد کر لی۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل نمبر KQW-2483 کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 470/2026 نارکوٹکس ترمیمی ایکٹ 2024 کی متعلقہ دفعات کے تحت تھانہ درخشاں میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ارکان اور رابطوں کا سراغ لگایا جا سکے۔