محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، بین الاقوامی امور اور عالمی امن کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کے علاوہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے دیرینہ کردار اور خدمات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے مؤثر قیادت فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کی کامیابی کے لیے حقیقت پسندانہ مینڈیٹ، مناسب وسائل اور مؤثر بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے طویل المدتی تعاون کو سراہتے ہوئے اس کردار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔