راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں ناکامی کے بعد ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم بیرونی حمایت سے انتشار پیدا کرنے کی ہر کوشش کو سختی سے ناکام بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اجلاس کے آغاز میں شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ہر قیمت پر پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کا دفاع جاری رکھیں گی۔
اعلامیے کے مطابق فورم نے افغان طالبان کے زیر انتظام علاقوں سے پاکستان کے خلاف بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کی مبینہ سرگرمیوں اور حملوں کی منصوبہ بندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، اور اس حوالے سے افغان طالبان کی قیادت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
فورم نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے۔ اعلامیے کے مطابق پاک فوج آپریشن غضب للحق کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر طرز حکمرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ مضبوط انتظامی نظام عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور جرائم کے نیٹ ورک کو بھی ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ معرکۂ حق کے بعد دشمن ہائبرڈ وارفیئر، غلط معلومات اور جھوٹے بیانیوں کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، لیکن ایسی ہر کوشش کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
فورم نے علاقائی استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔ اجلاس میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے حالیہ بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ اس معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کے 24 اپریل 2025 کے فیصلے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے قانونی پانی کے حصے کے تحفظ کے لیے حکومتی ہدایات اور عوامی توقعات کے مطابق تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
کانفرنس کے شرکا نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور خطے میں دیرپا امن اسی وقت ممکن ہوگا جب کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام کور کمانڈرز کو ہدایت دی کہ جنگ کی بدلتی نوعیت کے پیش نظر ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے اور ہر صورت میں پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔