کراچی: غیر قانونی افغان باشندے کے خلاف ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں نو افغان باشندے اور دو مبینہ گٹکا و ماوا فروش شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کارروائیاں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر کی گئیں۔ مختلف تھانوں نے اپنے اپنے علاقوں میں الگ الگ چھاپے مارے۔
افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں
تھانہ شریف آباد پولیس نے کارروائی کے دوران 15 سالہ عبداللہ ولد وزیر خان کو حراست میں لیا۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی (جی سی ٹی) منتقل کر دیا گیا۔
تھانہ عزیز آباد پولیس نے چھ افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔ ان میں کرامت اللہ، ولی، اشرف، نصیب اللہ، اللہ داد اور حکمت اللہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام افراد کو قانونی کارروائی کے بعد ریپٹری ایشن کے لیے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی منتقل کر دیا گیا۔
تھانہ نیو کراچی پولیس نے عبدالمنان اور بخت محمد کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے امین ہاؤس منتقل کر دیا گیا۔
گٹکا و ماوا فروش بھی گرفتار
تھانہ نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 11-D میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ گٹکا و ماوا فروش اصف ولد سلیم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 108 پڑیاں گٹکا و ماوا برآمد ہوئیں۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تھانہ گلبہار پولیس نے ایک اور کارروائی میں محمد طلحہ ولد محمد لطیف کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے 15 پڑیاں گٹکا و ماوا برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف بھی مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔