گوگل سرٹیفکیٹس: سندھ حکومت کا 20 ہزار اسکالرشپس کا اعلان، گوگل جیمنی تربیتی پروگرام کا آغاز

کراچی: گوگل سرٹیفکیٹس پروگرام کے تحت سندھ حکومت نے سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے 20 ہزار اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گوگل کیریئر سرٹیفکیشن پروگرام 2026 کا افتتاح اور سندھ کابینہ و اعلیٰ سرکاری افسران کے لیے گوگل جیمنی کی خصوصی تربیتی نشست کی صدارت بھی کی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، معاونِ خصوصی برائے آئی ٹی محمد علی راشد، سیکریٹری آئی ٹی ذوالفقار علی نظامانی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین طارق رفیع، ٹیک ویلی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر فاروق، گوگل اور ٹیک ویلی پاکستان کے نمائندوں سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گوگل اور ٹیک ویلی پاکستان کے اشتراک سے شروع کیے گئے یہ اقدامات صوبے کے ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کو تیز کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔ ان کے مطابق حکومت جدید ٹیکنالوجیز کو حکمرانی کا مؤثر حصہ بنانا چاہتی ہے تاکہ عوامی خدمات، فیصلہ سازی اور شفافیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، جبکہ سندھ حکومت بھی پیچیدہ انتظامی امور کو آسان بنانے، پالیسی سازی کو مؤثر بنانے اور عوامی خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اے آئی انسانی فیصلوں کا متبادل نہیں بلکہ معاون ٹیکنالوجی ہے، جبکہ قیادت، احتساب اور عوامی اعتماد کی ذمہ داری ہمیشہ منتخب نمائندوں اور ریاستی اداروں پر ہی عائد رہے گی۔ انہوں نے حساس سرکاری معلومات کے تحفظ، اخلاقی اصولوں اور محفوظ انداز میں اے آئی کے استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

تقریب کے دوران گوگل کے ماسٹر ٹرینرز نے گوگل جیمنی کے عملی استعمال پر مبنی تفصیلی تربیتی سیشن منعقد کیا، جس میں کابینہ اراکین اور اعلیٰ سرکاری افسران کو مصنوعی ذہانت کے مختلف عملی استعمال سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 20 ہزار گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس کے ذریعے سرکاری جامعات کے طلبہ کو مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور دیگر جدید شعبوں میں عالمی معیار کی تربیت اور پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ان کے مطابق یہ منصوبہ صرف ایک تعلیمی پروگرام نہیں بلکہ سندھ کے نوجوانوں اور ڈیجیٹل معیشت کے مستقبل میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل سرٹیفکیٹس نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروبار اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ گوگل سرٹیفکیٹس پروگرام کو سندھ کی تمام سرکاری جامعات تک توسیع دی جا رہی ہے، جبکہ اسکالرشپس صوبے کے ہر باصلاحیت طالب علم تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین، خصوصی افراد اور پسماندہ طبقات کے طلبہ کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنائی جائے گی تاکہ ہر طالب علم کو عالمی معیار کی مہارتیں حاصل کرنے کا یکساں موقع مل سکے۔

تقریب کے موقع پر محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، جس کے تحت نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!