میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے پولیس افسران، آن لائن ٹیکسی ڈرائیور، مقتول کے بزنس پارٹنرز اور دوستوں کو طلب کر لیا ہے۔
کمیشن نے ایس ڈی پی او شاہراہِ فیصل اور ایس ایچ او فیروز آباد کو سمن جاری کیے ہیں۔ تمام طلب کیے گئے افراد کو 3 ستمبر کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کن افراد کو طلب کیا گیا؟
پولیس افسران کے علاوہ بائیک ڈرائیور احسان کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ میر رضا کے بزنس پارٹنرز محمد احمد اور عبداللہ بھردے کو بھی سمن جاری ہوئے ہیں۔
مقتول کے دوست رازق اور حثیم کو بھی کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیشن کی کارروائی جاری
جوڈیشل کمیشن اس سے قبل میر رضا کے اہل خانہ، نرسری کے ملازمین اور دیگر افراد کے بیانات ریکارڈ کر چکا ہے۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر سے بھی کمیشن نے سوالات کیے تھے۔ کمیشن نے پوسٹ مارٹم رپورٹس میں سامنے آنے والے مختلف نکات کا جائزہ بھی لیا ہے۔
میر رضا کی موت کے حالات اور واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے کمیشن مزید افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کر رہا ہے۔