ڈی آئی جی ایسٹ: جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت

ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی کی زیرِ صدارت ایسٹ زون پولیس کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی پولیس اور انویسٹی گیشن ونگ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایسٹ زون کے تمام تھانوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والے جرائم، انسدادِ جرائم کی کارروائیوں، تفتیشی پیش رفت اور سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ضلعی ایس ایس پیز نے اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی پر مبنی رپورٹس پیش کیں۔ رپورٹ میں قتل، اقدام قتل، ہاؤس رابری، گاڑیوں کی چوری، موٹر سائیکل چھیننے، اسٹریٹ کرائمز اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات، گرفتاریوں اور تفتیشی پیش رفت سے متعلق تفصیلات شامل تھیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے ہدایت کی کہ مضرِ صحت گٹکا اور ماوا تیار کرنے اور فروخت کرنے والے عناصر، منشیات فروشوں کے منظم نیٹ ورکس، اشتہاری اور مفرور ملزمان، اور مقدمات میں نامزد افراد کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چھاپوں، گرفتاریوں اور مقدمات کے اندراج میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی یا منسوخ شدہ قومی شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں، عزاداری کے اجتماعات اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے فول پروف سیکیورٹی اقدامات پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا، تاہم باقی رہ جانے والی خامیوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!